پاکستان، ایران مل کر خطے کے استحکام کیلئے کام کر سکتے ہیں: حسن روحانی
13 اکتوبر 2019 (17:00) 2019-10-13

تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران مل کر خطے کے استحکام کیلئے کام کر سکتے ہیں۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایران کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کو سراہتے ہیں اور خطے کے امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران مل کر خطے کے استحکام کیلئے کام کر سکتے ہیں، پاکستان اور ایران سمجھتے ہیں کہ علاقائی مسائل مذاکرات سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیر سگالی جذبے کے جواب میں خیر سگالی کا ہی مظاہرہ کیا جائے گا لیکن اگر کوئی ملک سمجھتا ہے کہ خطے میں عدم استحکام کے بدلے کوئی کارروائی نہیں ہو گی تو وہ غلطی پر ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازع سے امن کے ساتھ معیشت کو بھی نقصان ہو گا اور جنگ کی صورت میں خطے میں غربت پھیلے گی اس لیے ہم دو برادر ملکوں کے درمیان سہولت کاری کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا اقدام پاکستان نے خود اٹھایا ہے کسی نے نہیں کہا، ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات حوصلہ افزائی رہی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے ایک روزہ دورے پر ایران میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


ای پیپر