ایران نے آئی ایم ایف سے اربوں ڈالر کا ہنگامی فنڈ مانگ لیا
13 مارچ 2020 (10:51) 2020-03-13

تہران: کرونا وائرس نے دنیا بھر کی طرح ایران میں بھی تباہی مچا دی ہے جس سے نمٹنے کیلئے ایرانی حکومت نے آئی ایم ایف سے 5 ارب ڈالر کا ہنگامی فنڈ مانگ لیا ہے۔

ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کرونا وائرس کے مقابلے کے لیے ہنگامی مالیاتی معاونت کا اعلان کیا تھا، ایران کا مرکزی بینک فوری طور پر یہ سہولت حاصل کرنے کی درخواست کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہونے کا فیصلہ کرے۔

ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے اپنے انسٹاگرام پیج پر بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے مقابلے کے لیے آئی ایم ایف کی سربراہ کے نام ریپڈ فنانشل انسٹرومنٹ(آر ایف آئی) کے ذریعے پانچ ارب ڈالر کے ہنگامی فنڈ کی درخواست ارسال کردی گئی ہے۔


ای پیپر