مرغی پال اسکیم کو موخر کرنے کے خلاف تحریک التوا
13 مارچ 2019 (19:29) 2019-03-13

لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی مرغی پال اسکیم کو موخر کرنے کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک التوا پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ عابد کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

قرار داد کے متن کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک نے مرغی پال اسکیم آئندہ سال کے لیے موخر کر دی۔ یہ موجودہ حکومت کا پہلا منصوبہ تھا جسے وزیراعظم کی مکمل حمایت حاصل تھی۔متن کے مطابق وزیر اعظم کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی عوام کو سنہری خواب دکھانے کے مترادف ہی ٹھہرا۔ حکومت نے بغیر کسی پلاننگ کے سابق حکومت کے شروع کیے ہوئے منصوبے پر اپنی تختی لگانے کی کوشش کی جو ناکام ثابت ہوئی۔

محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق 1200 روپے میں ایک مرغا اور 5 مرغیوں پر مشتمل سیٹ ملتا تھا تاہم مرغے اور مرغیاں کم ہونے اور درخواست گزار زیادہ ہونے کی بنا پر اسے موخر کیا گیا۔قرار داد میں کہا گیا کہ عمران خان نے محکمہ کو 25 لاکھ مرغیاں تیار کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا مگر منصوبہ بندی نہ ہونے کے سبب یہ ٹارگٹ پورا کرنے میں تاحال ناکام ثابت ہوا۔


ای پیپر