کراچی کے ہسپتال سے میٹرک پاس گائنی ڈاکٹر گرفتار
13 مارچ 2018 (17:26) 2018-03-13


کراچی : کراچی کے جناح اسپتال کے گائنی وارڈ سے ایک ' میٹرک پاس ' لیڈی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا گیا،خاتون نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی اپنے جعلی ہونے کا اعتراف کر لیا،خاتون کے بیگ سے بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن چیک کرنے والے آلات اور مشکوک ادویات ملیں ۔


تفصیلات کے مطابق انسپکٹر سیدہ غزالہ کے مطابق کورنگی کی رہائشی عائشہ میٹرک پاس ہے اور ایک سال سے گائنی وارڈ میں بطور ڈاکٹر کام کر رہی تھی۔ایس ایچ او کے مطابق جناح اسپتال کے گائنی وارڈ نمبر 1 کی سیکیورٹی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ جب پولیس پہنچی تو ڈاکٹر کا گا ئو ن پہنے مذکورہ خاتون گائنی وارڈ کے اندر موجود تھی، پولیس کی پوچھ گچھ پر خاتون مطمئن نہ کرسکی اور ابتدائی تفتیش کے دوران ہی اپنے جعلی ہونے کا اعتراف کرلیا۔


انسپکٹر غزالہ نے بتایا کہ خاتون کے بیگ کی تلاشی کے دوران بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن چیک کرنے والے آلات اور مشکوک ادویات ملیں۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کے پاس لیڈی ہیلتھ وزیٹر یا دائی ہونے کا کوئی سرٹیفیکیٹ بھی نہیں ہے۔انسپکٹر سیدہ غزالہ کے مطابق جعلساز خاتون پر وارڈ سے نوزائیدہ بچے اغوا کرنے والے گروہ سے منسلک ہونے کا شبہ ہے جبکہ اس بات کا بھی شبہ ہے کہ وہ گائنی وارڈ میں غیرقانونی آپریشنز کرانے کی خواہش مند خواتین کو شکار بنایا کرتی تھیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمہ کے خلاف دفعہ 419 اور 170 کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش کی جائے گی۔


ای پیپر