پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں تباہ کن جہاز کی شمولیت ،مودی کی نیندیں حرام
13 جولائی 2020 (18:11) 2020-07-13

اسلام آباد: پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ جہاز پی این ایس یرموک نے شمولیت اختیار کرلی ۔

پیر کو ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی،چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے کہاکہ پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت ایک اہم سنگ میل ہے۔ نیول چیف نے کہاکہ نئے جدیدجہاز کی شمولیت سے ملکی سمندری حدود اوربحری مفادات کا دفاع مزید مضبوط ہو گا۔

نیول چیف کے مطابق پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ نیول چیف نے قلیل وقت میں جہاز کی تعمیر پرڈامین شپ یارڈ رومانیہ اورپراجیکٹ ٹیم کو سراہا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ جدید جنگی جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ ویپن اورڈیفنس سسٹم سے لیس ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس یرموک متعدد نیول آپریشنز انجام دینے اور ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس سلسلے کا دوسرا جہاز پی این ایس تبوک عنقریب پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔


ای پیپر