file photo

شہباز شریف کا شہدا جموں و کشمیر کو زبردست خراج عقیدت
13 جولائی 2020 (14:28) 2020-07-13

لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم شہدائے کشمیر پر شہدا جموں و کشمیر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگریز سامراج کی سرپرستی میں ڈوگرہ فوج کے خلاف سری نگر سینٹرل جیل کے باہر جام شہادت نوش کرنے والوں کا نام تاریخ میں سنہری حروف میں درج ہے۔

آج کے دن کشمیریوں نے ثابت کیا کہ قرآن کریم اور اسلام کی عزت و حرمت انہیں اپنی جان سے پیاری ہے اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ 22 مسلمانوں کا جان قربان کرکے اذان مکمل کرنا واضح پیغام ہے کہ انہیں شکست نہیں دی جاسکتی، نہ جھکایا جاسکتا ہے۔ شہدا کشمیر کی پکار بھارت سے آزادی کی تحریک کی صورت میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج بھی پوری قوت سے گونج رہی ہے بھارت غلط فہمی میں نہ رہے۔

مقبوضہ جموں وکشمیر مسلم اکثریت خطہ ہے اور انشااللہ ہمیشہ رہے گا بھارت کے ظلم وجبر اور استبداد میں 5 اگست 2019 سے ایک نئی شدت آئی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے کشمیری سوال پوچھ رہے ہیں کہ انہیں انصاف کب ملے گا؟

جموں و کشمیر کے رہنے والوں کو سلام ہے جنہوں نے آزادی کے لئے ہر ظلم، مصیبت کا عزم وہمت سے مقابلہ کیا اور ہر سازش کو ناکام بنایا۔ جموں و کشمیر کے رہنے والوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرجمیل دے۔ آمین


ای پیپر