file photo

شہدا کے لہو کو نہ فراموش کرینگے نہ معاف: ڈی جی آئی ایس پی آر
13 جولائی 2020 (10:51) 2020-07-13

اسلام آباد: پاک فوج کا شہدائے کشمیر کو زبردست خراج عقیدت، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتے، انشاء اللہ کامیابی مظلوم کشمیریوں کا مقدر ہوگی۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا آج کا دن مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ شہدا کے لہو کو نہ فراموش کرینگے نہ معاف۔

دوسری جانب حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ویڈیو پیغام میں ڈوگرہ فوج کی گولیاں سینے پر کھان والوں کو سلام پیش کیا اور عالمی برادری سے اس کی بے حس خاموشی توڑنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور انداز میں صدائے احتجاج بلند کریں گے۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر اس عہد کی تجدید کیساتھ منا رہے ہیں کہ بھارت کے غاصبانہ تسلط سے مکمل آزادی تک تکمیل پاکستان کی یہ جنگ پورے عزم کیساتھ جاری رہے گی۔ اس موقع پر جلوسوں اور ریلیوں میں بھارتی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جائیگی۔


ای پیپر