شاہ رخ خان پر تنقید شان کو مہنگی پڑ گئی
13 جولائی 2019 (22:32) 2019-07-13

لاہور :پاکستانی اداکار شان بالی ووڈ سپرسٹار شاہ رخ خان کوتنقید کا نشانہ بنانے پرخود تنقید کا نشانہ بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کی مقبول ترین فلم ’دی لائن کنگ‘ کے ہندی ورژن میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے مفاسا کے مرکزی کردارمیں اپنی آواز کا جادوجگایا ہے جبکہ ان کے بیٹے آریان خان نے بھی فلم میں مفاسا کے بیٹے سمبا کے کردار کیلئے وائس اووردی ہے۔ شان نے شاہ رخ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہربانی کر کے خوبصورت فلم کو تباہ نہ کریں اور اپنی آواز کا انداز تبدیل کریں ۔

شان نے شاہ رخ خان پرتنقید تو کردی لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ پرومو میں شاہ رخ خان کی آواز ہے ہی نہیں بلکہ جو پروموجاری کیا گیا ہے اس میں سمبا کو متعارف کرایا گیا ہے جس کیلئے آریان خان نے اپنی آوازدی ہے۔ شان کی اس غلطی پرسوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

صارفین نے ان کی تصحیح کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم ’لائن کنگ‘میں سمبا کیلئے شاہ رخ خان نے نہیں بیٹے آریان خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، آپ زیادہ اووراسمارٹ نہ بنیں، آپ پرکوئی دباؤ نہیں ڈال رہا کہ آپ ’لائن کنگ‘ کا ہندی ورژن دیکھیں، آپ اس کا اوریجنل ورژن دیکھ لیں جو انگلش میں ہے۔ فلم’لائن کنگ‘ 19 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔


ای پیپر