ویڈیو کا معاملہ عدالت میں ہے : فردوس عاشق اعوان
13 جولائی 2019 (19:03) 2019-07-13

اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جاتی امرا میں وزیراعظم بننے کی ریس لگی ہوئی ہے ،(ن) لیگ کی لیڈر شپ کا ورکر کنونشن کے ذریعے ہماری قیادت کو ٹارگٹ کرنے کا ایجنڈا لیکر چل رہے ہیں،یہ سب وہ ہیں جنکو نیب کا بلاواآرہا ہے اور حساب مانگا جارہا ہے،ثبوت مانگنے پر راہ فرار اختیار کرتے ہیں ، شاہد خاقان عباسی نے ملکی معیشت کو زہر کے ٹیکے لگائے، بلاول صاحب جتنی آہو بکا آپ رات کو انگریزی میں کر رہے تھے ،آپ سندھ میں سسکتے بچوں کی فلاح و بہبود کا خیال کرتے تو خوشی ہوتی ، ویڈیو کا معاملہ عدالت میں ہے ، جب تک سپریم کورٹ فیصلہ نہیں کرتی کچھ نہیں کہا جا سکتا، تاجروں کے جائز مطالبے پر بات کی جائے گی،کچھ تاجر ہڑتال کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں، امید ہے بھٹکے ہوئے سیاسی تاجر ایسے حربوں سے باز رہیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آج کل بہت سی چیزیں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں گزشتہ روز انکو وزیر قانون نے تفصیل سے بیان بھی کیا۔ جاتی امرا میں وزیراعظم بننے کی ریس لگی ہوئی ہے، وفاداری اور کریڈٹ لینے کا سلسلہ رات کو بھی جاری ہے،جہاں ان سے ثبوت مانگے ہیں وہاں یہ فرار حاصل کرتے ہیں۔  کٹھ پتلی وزیراعظم بھی ایک رہا ہے، انہوں سے ایسے ریکارڈ قائم کئے ان کی تفصیلات بیان کروں گی۔

انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی نے ملکی معیشت کو زہر کے ٹیکے لگائے، 2017میں نو بیرون ملک دورے کئے اور چوبیس دن سال میں ملک سے باہر رہے۔ ایک سال دوروں پرایک سو گیارہ ملین سے زیادہ خرچ کئے گئے ۔  دوہزار اٹھارہ میں دس دورے کئے، 147.8 ملین اخراجات کی مد استعمال کیا گیا ۔شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک سالہ دور میں ٹو ٹل 19 دورے کئے ،ٹپس کی مد میں 5.48 ملین دئیے، 12.26 ملیں ٹی اے ڈی اے کی مد میں لیا۔ 8.99 ملین کے اپنی ذات کے لئے کھانے کھائے، ہوٹلوں میں 75.1 ملین خرچ کئے گئے، یہ سب غریب عوام کے پیسوں سے کیا گیا۔


ای پیپر