Source : Yahoo

انتخابات میں فتح کا مکمل یقین ہے، ابھی میچ ختم نہیں ہوا ، عمران خان
13 جولائی 2018 (16:22) 2018-07-13

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں فتح کا مکمل یقین ہے،ابھی میچ ختم نہیں ہوا جب تک آخری بال نہ ہو،وزیراعظم بننے پر انسداد کرپشن مہم کے اپنے وعدوں کا جزوی نمونہ پیش کروں گا، چین کی طرح غربت میں کمی کے پروگرام پر عمل کیا جائے گا، امریکی فوج جتنا عرصہ افغانستان میں رہیں گی سیاسی مصالحت کے مواقع اتنے ہی کم ہوں گے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف ہر مرتبہ احتساب کا عمل روکا گیا تاہم اب عوام سیاسی جماعتوں کے کرپٹ سربراہان کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بننے کے بعد انسداد کرپشن مہم کے اپنے وعدوں کا جزوی نمونہ پیش کروں گا اور چین کی طرح غربت میں کمی کے پروگرام پر عمل کیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو غربت کے خاتمے کے لیے چین کی مثال اپنانی چاہیے اور اس سلسلے میں ہم نے چینی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔

عمران خان نے انتخابی مہم میں سازگار ماحول فراہم کیے جانے کے الزام کی تردید کی اور کہا کہ وہ انتخابات میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں اور ابھی میچ ختم نہیں ہوا جب تک آخری بال نہ ہو۔ افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ امریکی فوج جتنا عرصہ افغانستان میں رہیں گی سیاسی مصالحت کے مواقع اتنے ہی کم ہوں گے۔


ای پیپر