Corruption, open voting, Senate elections, Faisal Javed Khan, PTI government, PM Imran Khan
13 جنوری 2021 (14:46) 2021-01-13

اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ الیکشن میں شفافیت کیلئے عمران خان نے سب سے بڑا دھرنا دیا ، سینیٹ میں اوپن بیلٹنگ ہوگی تو کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اوپن بیلٹ سے الیکشن کرانے سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا ، اپوزیشن والے دھاندلی کے علاوہ کبھی نہیں جیت سکے ، اگر آج شفافیت کی بات ہو رہی ہے تو یہ اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رضا ربانی اس کی مخالفت کر رہے ہیں ، جے یو آئی بھی اس ریفرنس کی مخالفت کر رہی ہے۔ یہ مخالفت اس لئے کر رہے ہیں کہ وہ خرید و فروخت کا بازار لگاتے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ کرپشن آصف زرداری اور نواز شریف نے شروع کی ، یہ آج تک ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پر ایک ثبوت بھی نہیں دکھا سکے ، بعد میں مریم نواز اس کی حقیقی مالک نکل آئیں۔ نواز شریف اور زرداری کے برعکس عمران خان بھاگے نہیں سامنے آئے، ایک ایک پائی کا حساب دیا ، عمران خان کی حلال کی کمائی باہر تھی وہ پاکستان لے کر آئے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ نواز شریف نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، نواز شریف کسی فورم پر بھی اپنی صفائی میں ثبوت پیش نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے پیسہ چوری کرکے بیرون ملک بھیجا ، ان تمام کرپٹ لوگوں نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں ، شریف خاندان کا اقتدار میں آنے کا مقصد ہی جائیدادیں بنانا تھا ، شریف فیملی نے غریب کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرکے جائیدادیں بنائیں ، مریم نواز ایون فیلڈ کی اصل مالک ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ تمام کرپٹ افراد وزیراعظم کو این آر او دینے پر مجبور کر رہے ہیں ، وزیراعظم انہیں کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔ یہ لوگ اپنی کرپشن اور چوری بچانے کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔


ای پیپر