Osama Satti, parents, PM Imran Khan, full cooperation, Islamabad, PTI government
13 جنوری 2021 (14:14) 2021-01-13

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے اسامہ ستی کے والدین کی ملاقات ، عمران خان کی نوجوان اسامہ ستی کیلئے فاتحہ خوانی ، تحقیقات سے متعلق مکمل تعاون کی یقین دہانی۔

خیال رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے اسامہ ستی قتل کیس کے پانچوں ملزمان کا مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انھیں پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی میں اسامہ ستی قتل کیس کے پانچوں ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع دی جائے۔ جے آئی ٹی کی تفتیش مکمل کرنے کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ چاہیے۔ ملزمان اعتراف کر رہے ہیں کہ انکے ہاتھوں بے گناہ شہری کی جان گئی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجا جواد عباس نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ملزمان کا بیان قلمبند کر لیا ہے؟ اس کے بعد عدالت نے پانچوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ پر 5 روز کی توسیع کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں اسامہ ستی نامی نوجوان کو ناکے پر موجود اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ اس معاملے کا وزیراعظم عمران خان نے خصوصی نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تفتیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس کے بعد واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی جس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس واقعے میں نوجوان کو بے قصور طور پر قتل کیا گیا۔ قتل کی ذمہ داری اہلکاروں نے قبول کر لی ہے۔

خصوصی کمیٹی کی جانب سے حکومت کو سفارش کی گئی ہے کہ وہ حساس معاملات کیلئے اہلکاروں کی تعیناتی کیلئے ان کا نفسیاتی ٹیسٹ لازمی لے۔ اپنی رپورٹ میں پانچوں ملزمان کیساتھ ساتھ اعلیٰ افسران کیخلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔


ای پیپر