ٹرمپ کی بیٹی بھی ان کے مقابل آگئیں
13 جنوری 2021 (10:37) 2021-01-13

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایونکا ٹرمپ نے نومنتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا عندیہ دیدیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی حامیوں کی وجہ سے دنیا کی سپر پاور اس وقت ایک بہت بڑے سیاسی بحران کا شکار ہے جہاں پر ٹرمپ کے حامی اور مخالف اس وقت میدان میں نکل چکے ہیں ۔ ایسے موقع پر جہاں ٹرمپ کو اپنی حامیوں کی اشد ضرورت تھی ان کی اپنی بیٹی نے ان کی راہ پر چلنے سے انکار کرتے ہوئے جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا عندیہ دیدیا ہے جبکہ امریکی میڈیا کا یہ دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے حامی بھی بھر لی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اپنی بیٹی کے اس فیصلے پر شدید دکھی ہوئے ہیں اور انہوں نے اس ممکنہ اقدام کو مضحکہ خیز اور بدترین قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ میں اس وقت سیاسی بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔ ٹرمپ کے تمام سوشل میڈیا اکائونٹس معطل ہو چکے ہیں اور امریکی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے انہیں متشدد قرار دیتے ہوئے یہ دعوے بھی کئے جا رہے ہیں کہ جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں بڑی مسلح ہنگامی آرائی بھی ہو سکتی ہے۔


ای پیپر