اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری
13 جنوری 2020 (21:18) 2020-01-13

اسلام آباد:وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہاہے کہ جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ترسیلات زر 11.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں اور سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا حجم 24 ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچ جائے گا، بیرون ملک سے ایک سو ڈالر سے زائد اور دو سو ڈالر سے کم ترسیلات زر پاکستان بھجوانے پر اٹھنے والے 10 سعودی ریال کے برابر لاگت کے مساوی رقم واپس کی جائے گی، اسی طرح دو سو ڈالر یا اس سے زائد حجم کی ترسیلات زر کے پاکستان بھجوانے پر 20 سعودی ریال کے برابر اٹھنے والے اخراجات کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پیر کو یہاں جاری بیان میں ترجمان وزارت خزانہ و سپیشل سیکرٹری خزانہ عمر حمید خان نے کہا کہ نئے حکومتی اقدامات اور گذشتہ پانچ سالوں کے اعداد و شمار کو سامنے رکھتے ہوئے جاری مالی سال کے دوسرے وسط میں ماہ رمضان اور عیدالفطر کے تہوار کی وجہ سے ترسیلات زر کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور 24 ارب ڈالر ترسیلات زر کا ہدف آسانی سے عبور ہو جانے کا امکان ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2019 میں 2.097 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھجوائیں جبکہ نومبر2019 میں ترسیلات زر کا حجم1.819 ارب ڈالر رہا تھا۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ تعلقات میں نمایاں بہتری سے وہاں کے کاروباری طبقے کا پاکستانی افرادی قوت پر اعتماد بڑھا ہے جس کی وجہ سے ان ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی مانگ اور کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دسمبر2019 سے بیرون ملک سے ایک سو ڈالر سے زائد اور دو سو ڈالر سے کم ترسیلات زر پاکستان بھجوانے پر اٹھنے والے 10 سعودی ریال کے برابر لاگت کے مساوی رقم واپس کی جائے گی۔اسی طرح دو سو ڈالر یا اس سے زائد حجم کی ترسیلات زر کے پاکستان بھجوانے پر 20 سعودی ریال کے برابر اٹھنے والے اخراجات کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ کیلئے حکومتی اقدامات بالخصوص ٹی ٹی چارجز سکیم کے تحت ترسیلات وطن بھجوانے پر اٹھنے والے اخراجات کی واپسی، ادائیگیوں کے نظام میں خاطر خواہ بہتری، سعودی عرب کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے ویزا میں نرمی اور افرادی قوت کی بیرون ملک کھپت میں گذشتہ سال جنوری دسمبر کی 382,000 کی تعداد کی نسبت امسال 625,000 تک اضافہ سے ترسیلات زر کی پاکستان آمد میں آنے والے مہینوں میں مزید اضافہ ہو گا۔


ای پیپر