ملک بھر میں شدید بارش ٗ برفباری ٗ 15 جاں بحق
13 جنوری 2020 (17:18) 2020-01-13

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ،لاہور کوٹہ اور سکھر سمیت ملک بھر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ، بالائی علاقوں میں شدید برفباری ، 15افراد جاں بحق ،کوئٹہ میں تمام پروازیں منسوخ، اسنو ایمرجنسی لگا دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق  سکھر میں میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ، خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی گئی ہے، لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل خوب گرجے برسے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ کراچی میں رم جھم نے خنکی بڑھا دی۔ جیکب آباد، سکھر سمیت سندھ میں بارش سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی بارش کی جھڑی (آج)تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی جبکہ پہاڑوں پر مزید برفباری کا بھی امکان ہے۔کہیں بوندا باندی تو کہیں تیز بارش ، جنوری ٹھنڈا ٹھار ہو گیا۔

لاہور میں پیر کو صبح کے وقت کالی بدلیاں چھائیں اور پھر چھما چھم برسات ہوئی۔ گڑھی شاہو، دھرم پورہ، ایئر پورٹ، گلبرگ، فیروز پور روڈ ، جوہر ٹان سمیت شہر کے مختلف حصوں میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔فیصل آباد، قصور، چکوال، ننکانہ صاحب، شکر گڑھ، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ہارون آباد، رحیم یار خان، خان پور، اوچ شریف سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ابر کرم خوب برسا جس سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔کراچی میں بھی بوندا باندی سے سردی بڑھ گئی۔ جیکب آباد، سکھر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

سکھراور گردونواح میں گذشتہ روز سے جاری بارشوں کے باعث سکھر کے علاقے نیو پنڈ میں رشید شیخ نامی شخص کے کرائے کے مکان کی چھت اچانک دھماکے سے مکینوں پر آگری جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع پر پولیس، ایدھی اور دیگر اداروں کی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر فوری طور پر شہر کے ہسپتالوں میں پہنچایا جہاں پر زخمیوں میں شامل ایک چار سالہ بچی علیشا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔چھت گرنے کے باعث گھر میں رکھا ہوا ہزاروں روپے مالیت کا سامان بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا، زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔


ای پیپر