PDM jalsa, cold, weather, Shibli Faraz, Maryam Nawaz, Bilawal Bhutto
13 دسمبر 2020 (17:52) 2020-12-13

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپوزیشن کے جلسے کو ناکام قرار دے دیا ، کہتے ہیں پی ڈی ایم کا جلسہ آج کے موسم کی طرح ٹھنڈا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن 10 سے 15 ہزار سے زائد لوگوں کو اکٹھا نہیں کرسکی، لاہور نے مریم نواز کو مسترد کر دیا ہے ، لوگوں نے حق رائے دہی ان کے خلاف استعمال کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیارہ جماعتوں کے جلسے کے مقابلے میں پی ٹی آئی کا جلسہ دیکھ لیں ، یہ اپنے ذاتی ایجنڈے کو قوم پر تھوپ رہے ہیں، اپوزیشن سے بات چیت کیلئے تو تیار ہیں لیکن این آر او کسی صورت نہیں دیں گے۔

ادھر مینار پاکستان کے دامن میں پی ڈی ایم کا عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ جاری ہے، مرکزی قائدین اسٹیج پر پہنچ گئے ہیں، اپوزیشن رہنماؤں کے خطابات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی ہے ، جلسہ گاہ میں ہر سو سیاسی جماعتوں کے پرچموں کی بہار ہے ، مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی سیاسی بخار میں مبتلا ، ہاتھوں میں پرچم تھامے خواتین اپوزیشن کے جلسے میں شامل ہیں، متوالے اور جیالے پارٹی ترانوں پر جھوم اٹھے۔

دوسری جانب لاہور کا سیاسی پارہ ہائی ہے، جیالوں اور متوالوں نے ٹوئٹر پر بھی ماحول گرما دیا ہے۔ چلو ، چلو مینار پاکستان چلو ۔۔ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

مینار پاکستان پر پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکنوں کی بھرپور شرکت، رہ جانے والوں نے ٹوئٹر محاذ سنبھال لیا اور متوالوں نے اپنے پیغامات میں آج جلسے کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔

جیالوں نے اپنی ٹوئٹس میں حکومت کو خوب للکارا، کارکن جلسہ گاہ کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے رہے۔ مخالف بھی میمز کے ذریعے جواب دینے میں پیچھے نہ رہے۔


ای پیپر