Shahbaz Gill, video, PML-N, MNA Malik Riaz, stage
13 دسمبر 2020 (13:37) 2020-12-13

لاہور: معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کی سیکیورٹی پر تعینات انصار السلام کے رضا کاروں نے لیگی ایم این اے ملک ریاض کو اسٹیج پر جانے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ان کی اوقات اور حالات دیکھیں کیسے مولانا کے گارڈ دروازہ بند کرکے لیگی ایم این اے ملک ریاض کو ذلیل کر رہے ہیں اور منتیں کروانے کے بعد اندر آنے دے رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم والے الزام لگا رہے ہیں کہ حکومت رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلم لیگ ن کے لیڈران کی عزت ہے ان کے اپنے جلسے میں۔

شہباز گل نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام آپ کے اصل کرپٹ چہرے دیکھ چکے ہیں۔ بے چاروں کے پاس سلوگن بھی جعلی اور چوری شدہ ہے۔ ایک دہائی قبل پی ٹی آئی نے اسی نعرے کے ساتھ اسی مقام پر جلسہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع میں فیصلہ کن گھڑی کے 11 متاثرین جمع ہوں گے، آج یہ ایک دوسرے کے ڈر سے ایک دوسرے کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے پی ڈی ایم کے رہنماوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوگوں نے مودی کی زبان بولی تو آپ کا انجام برا ہو گا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ این آر او کے سوالی آج "وبا پھیلاؤ کرپشن بچاؤ" کے نعرے کے تحت، معصوم عوام کو عالمی وبا کا شکار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی ہو گی، انہوں نے کہا کہ پچھلے 40 سال کرپشن کے مینار کھڑے کرنے والے آج ، کس منہ سے مینار پاکستان کے مقدس مقام پر اکٹھے ہو رہے ہیں؟

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ آج مینار پاکستان پر این آر او ڈھونڈا جائے گا، 11 جماعتوں پر مبنی کرپٹ ٹولہ مسلسل ناکامی کا شکار ہے، یہ اپنے جلسوں سے خود بے نقاب ہو رہے ہیں، لوگوں کی زندگیوں اور ابھرتی ہوئی معشیت کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چوری بچانے کے لیے ساری حدیں پار کر چکے ہیں۔


ای پیپر