No one is ready to shoulder the political funeral of 11-party PDM: Firdous Ashiq Awan
13 دسمبر 2020 (13:12) 2020-12-13

لاہور:معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 11جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم کے سیاسی جنازے کو کوئی کندھا دینے کو تیار نہیں جبکہ آج کا دن عوام کے محافظوں اور عوام دشمنوں میں فرق جاننے کا دن ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا ڈنڈا بردارجلسہ عوام کو کورونا میں دھکیلنے میں مصروف ہے ،حکومت شہریوں کو جان لیوا وائرس سے بچانے کیلئے مصروف عمل ہے ۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے جلسے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی ،جھوٹوں کی راجکماری کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہوا ،بیروزگاروں کا ٹولہ اسی طرح بے نقاب ہو گا جبکہ قانون کی خلاف ورزی پر ایکشن لیاجائے گا ۔

پی ڈی ایم جلسے پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اپنا جھوٹا رونا ضرور روئیں ، عوام آپ کے اصل کرپٹ چہرے دیکھ چکے ہیں جبکہ بے چاروں کے پاس سلوگن بھی جعلی اور چوری شدہ ہے ۔

شہباز گل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایک دہائی قبل پی ٹی آئی نے اسی نعرے کے ساتھ اسی مقام پر جلسہ کیا ،اجتماع میں فیصلہ کن گھڑی کے 11 متاثرین جمع ہوں گے ،آج یہ ایک دوسرے کے ڈر سے ایک دوسرے کے پیچھے چھپ رہے ہیں اوراگر آپ لوگوں نے مودی کی زبان بولی تو آپ کا انجام برا ہو گا۔


ای پیپر