Pakistan, Engin Altan Düzyatan, Ertugrul Ghazi, Turkey, Instagram
13 دسمبر 2020 (11:05) 2020-12-13

لاہور: پاکستانیوں سے توقع سے زیادہ پیار اور محبت ملنے کے بعد انگین آلتان نے نہ صرف اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا بلکہ دوبارہ پاکستان آنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ملک پہنچنے کے بعد ترک اداکار انگین آلتان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ اسٹوری میں اپنی ننھی پاکستانی مداح کا خط شیئر کیا جس میں ایمن نامی ننھی پاکستانی مداح نے اُن سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ ترک اداکار سے ملاقات کرنے کے لیے کس قدر پرُجوش تھیں۔

انگین آلتان نے ننھی پاکستانی مداح کا خط شیئر کرتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ امت مسلمہ کے دلوں میں گھر کرنے والے دنیا کے مشہور اسلامی ہیرو ارطغرل کا کردار ادا کرنے والے انگین آلتان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اپنے لوگوں میں آکر وہ بہت خوش بھی تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا اور وزیراعظم عمران خان کی تعریف بھی کی۔

ترک اداکار نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے آپس میں مثالی تعلقات ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اُن کو بہت محبت ملی۔ انگین آلتان نے کہا کہ پاکستانیوں کی اسی محبت نے انہیں مجبور کر دیا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان آئیں۔

ترک اداکار نے اپنے ڈرامے کے بارے میں بتایا کہ یہ ڈرامہ مذہبی، تاریخی اور ثقافتی باریکیوں سے بھر پور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ڈرامے کے لیے تمام اداکاروں نے بہت محنت کی اور اس کا صلہ بھی ہمیں ملا۔ انگین آلتان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ہمارا ڈرامہ پسند کیا ور یہ میرے لئے بہت خوشی کی بات ہے۔


ای پیپر