PDM's power show on Minar Pakistan today, workers started arriving at the venue
13 دسمبر 2020 (09:41) 2020-12-13

لاہور:پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا آج مینار پاکستان میں پاور شو ہوگا جس کیلئے کارکن شدید سردی کے باوجود جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت مخالف اتحاد(پی ڈی ایم) کے آج مینار پاکستان پر لاہور پر ہونے والے جلسے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ دھند اور شدید سردی کے باوجود پرجوش کارکن اپنے اپنے قائدین سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

حفاظتی انتظامات کے پیش نظر جلسہ گاہ میں آنے والے مردوں اور خواتین کیلئے الگ الگ گیٹس کو مختص کیا گیا ہے جبکہ خواتین صرف گیٹ نمبر 5 سے تلاشی کے عمل کو مکمل کروانے کے بعد ہی مینار پاکستان گراؤنڈ میں داخل ہوسکیں گی اور مرد کارکنوں کیلئے علیحدہ گیٹس کو استعمال کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

لاہور شہر اور گردونواح  میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے ہیں جبکہ موٹروے ایم 2 پنڈی بھٹیاں سے لاہور تک ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے اور موٹروے پولیس نے مسافروں کو غیرضروری سفر سے گریز کی ہدایت کردی ہے۔

جلسے کی انتظامیہ نے جلسے میں کارکنوں کی سہولت کیلئے 8 بڑی بڑی سکرینیں لگانے کا پروگرام بنایا ہے تاکہ وہ اپنے قائدین کے خطابات دیکھ اور سن سکیں۔ مینار پاکستان میں ہزاروں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔

رات گئے مریم نواز نے مینار پاکستان گراؤنڈ کا دورہ  کیا اور  جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا کہ جتنی مرضی رکاوٹیں کھڑی کر لیں عوام  کل جلسہ گاہ پہنچیں گے، پی ڈی ایم  حکومت کو این آر او نہیں دے گی، کل جلسے میں حکومت کو آخری دھکا دیں گے، لاہور میں تاریخی جلسہ ہوگا جبکہ بلاول بھٹو اور میں اکٹھے جلسہ گاہ آئیں گے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان،ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ جن رہنماؤں کو تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے ان میں سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق شامل ہیں جبکہ ان سب کو پولیس کی جانب سے تھریٹ الرٹ بھجوا دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نیکٹا کی جانب سے گزشتہ روز بھی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے لاہور جلسہ پر حملہ کے امکان کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

نیکٹا نے جو تھریٹ الرٹ جاری کیا اس کے مطابق دہشتگرد گروپ آئندہ چند دنوں میں حملے کرسکتے ہیں جبکہ سینئر قیادت جو کہ پی ڈی ایم سے منسلک ہے ان کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

نیکٹا کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت اور بہتر بنایا جائے جبکہ دوسری جانب حکومت پنجاب کی ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی نے پی ڈی ایم کو آج مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔


ای پیپر