کس شہر،علاقے میں کب ،کتنی بارش ہو گی ؟محکمہ موسمیات کی حیران کن ٹیکنالوجی
13 دسمبر 2019 (18:00) 2019-12-13

کراچی :کراچی کے شہری موسم کی صورتِ حال سے اب شہری بروقت باخبر رہیں گے، محکمہ موسمیات نے بارش کی بروقت پیش گوئی کے لیے ایس بینڈ ڈوپلر ریڈار پر مشتمل جدید ٹیکنالوجی اپنا لی۔

سرمئی اور نیلی رنگ کی 78 میٹر اونچی عمارت نئی سی ہے، اسٹرکچر بھی کچھ منفرد ہے، کیونکہ یہ موسم کی صورتِ حال سے آگاہ کرنے والی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایس بینڈ ڈوپلر ریڈار سے مزین ہے۔محکمہ موسمیات کے دفتر پر نصب ایس بینڈ ریڈار موسم کی تازہ صورت حال سے تیز ترین آگاہی فراہم کرتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق ایس بینڈ ڈوپلر ریڈار 450 کلو میٹر تک کے علاقے کی موسمیاتی صورت حال پر نظر رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔جدید ٹیکنالوجی سے یہ معلوم کرنا آسان ہو جائے گا کہ کون سا بادل کہاں ہے اور کتنی مقدار میں بارش برسائے گا۔اس سے قبل استعمال کیا جانے والا سی بینڈ ریڈار ناکارہ ہوچکا ہے جس کی حد 200 سے 250 کلو میٹر تھی۔

جائیکا کے تعاون سے نصب کیے جانے والے ایس بینڈ ریڈار کی تیاری پر ایک ارب 58 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔جائیکا نے 30 سال بعد دوبارہ 4 ریڈار دیے ہیں، اسلام آباد میں یہ ریڈار کام کر رہا ہے جبکہ کراچی میں یہ جنوری کے آخر تک فعال ہو جائے گا۔


ای پیپر