تحریک انصاف کا تھانوں میں تشدد ‘پی ٹی وی ‘ریڈیو اصلاحات میں تبدیلیوں کا فیصلہ
کیپشن:   Source : Yahoo
13 اگست 2018 (22:58) 2018-08-13

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومت میں آتے ہی پولیس اسٹیشنز میں شہریوں پر تشدد کرنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قیادت پولیس اسٹیشنز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد کے خلاف اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہے، عمران خان حلف اٹھانے کے فوری بعد تھانوں میں شہریوں پر ہونے والے تشدد کو بند کرنے کے احکامات جاری کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد کرنے پر پابندی ہونی چاہیے ، یہ غیر اسلامی اور غیر آئینی ہے، اس سے زیادہ تر غریب لوگ متاثر ہوتے ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں بھی اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کپتان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری چینل کو صرف حکومتی کوریج تک محدود نہیں رکھا جائےگا، بلکہ پی ٹی وی کو معلومات، تفریح اور غیر جانبداری کے ایجنڈے پر گامزن کیاجائے گا، تمام ضروری تبدیلیاں لائی جائیں گی اور ریڈیو پاکستان پر بھی عوام کا اعتماد بحال کیا جائےگا۔


ای پیپر