اللہ نے ہمیں محفوظ پاکستان دیا، جمہوریت کو آگے لے کر چلیں گے،شیخ رشید
13 اگست 2018 (18:08) 2018-08-13

اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اسلام کا چورن اور اسلام آباد کا نام لے کر سازش کر رہے تھے مگر اللہ نے آج ہمیں مضبوط اور محفوظ پاکستان دیا ہے، جمہوریت کو آگے لے کر چلیں گے، مولانا فضل الرحمان کو بھی جشن آزادی کی مبارک دے رہا ہوں.

آصف زرداری 14 سال کی دوشیزہ نہیں، سب سے سیانے سیاستدان ہیں، آصف زرداری چھٹا بحری بیڑہ ہے انہیں پتہ ہے کب کیا کرنا ہے ۔15 ویں قومی اسمبلی کے اجلاس میں بطور رکن حلف اٹھانے کے بعد شیخ رشید احمد اسمبلی سے باہر آئے اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے، جو لوگ کہتے تھے میں پارلیمنٹ میں نہیں ہوں گا وہ آج خود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا میں نے کہا تھاعمران خان 100 سے زیادہ سیٹیں لیں گے، عمران خان کی حکومت میں میری آواز غریبوں کیلئے ہوگی۔شیخ رشید کا کہنا تھا پیپلزپارٹی اور ن لیگ اکٹھے نہیں چلیں گے، آصف زرداری 14 سال کی دوشیزہ نہیں، سب سے سیانے سیاستدان ہیں، آصف زرداری چھٹا بحری بیڑہ ہے انہیں پتہ ہے کب کیا کرنا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمان کو 14 اگست کی مبارکباد دیتا ہوں،یہ اسلام کا چورن اور اسلام آباد کا نام لے کر سازش کر رہے تھے لیکن اللہ نے آج مضبوط پاکستان دیا اور اداروں کو پہلے سے زیادہ عزت دی ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لال حویلی میں آزادی کا جشن ہوگا، تمام غریبوں کو یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کی حکومت میں شیخ رشید کی آواز غریبوں کی آواز ہوگی حرام کو اپنے اوپر حرام قرار دیں گے۔ ایک اور سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا خدا کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں اس وقت سب سے سینئر ترین پارلیمنٹیرین ہوں، مجھے زیب نہیں دیتا کہ اپنے لیے کوئی عہدہ مانگوں۔ عمران خان جہاں مجھے ذمہ داریاں دیں گے وہیں ڈیوٹی کروں گا۔


ای پیپر