قومی اسمبلی تقریب حلف برداری، آصف زرداری نے سب سے پہلے رول آف ممبرز پر دستخط کئے

13 اگست 2018 (11:20)

اسلام آباد: عام انتخابات 2018ء کے نتیجے میں قومی اسمبلی کے رکن بننے والے اراکین نے حلف اٹھالیا ہے اور سپیکر ایاز صادق نے اپنی مدت کے آخری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام اراکین اسمبلی سے حلف لیا جس کے بعد اراکین نے رجسٹر پر دستخط کئے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے سابق صدر آصف علی زرداری نے رول آف ممبرز پر دستخط کئے۔ ارکان اسمبلی کے حلف اٹھانے کے بعد سیکرٹری اسمبلی نے حروف تہجی کے اعتبار سے ارکان کو پکارا اور جس شخصیت کا نام سب سے پہلے پکارا گیا وہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا تھا جنہوں نے سیکرٹری قومی اسمبلی ڈائس پر جا کر حاضری لگائی۔

ادھر پاکستان کی 15 ویں قومی اسمبلی میں منتخب ہونے والے ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے، جن میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ن لیگ کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر شامل ہیں جبکہ سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب 15 اگست کو کیا جائے گا۔

سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نومنتخب ارکان قومی اسمبلی سے رجسٹر پر دستخط کرائے جارہے ہیں۔ وزیراعظم کے عہدے کے لئے منتخب ہونے والے عمران خان نے تیسری بار قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا ہے، انہوں نے اپنی میانوالی کی نشست برقرار رکھی ہے۔

 

 

 

 

 

 

مزیدخبریں