فوٹوبشکریہ فیس بک

قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں کے اراکین آج حلف اٹھائیں گے
13 اگست 2018 (09:27) 2018-08-13

اسلام آباد: 15 ویں قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس آج ہوگا جس میں نومنتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے، اجلاس کی صدارت سپیکر سردار ایاز صادق کریں گے۔

15 اگست کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا، ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب 16 اگست کو کیا جائے گا۔ نو منتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ایوان صدر میں منعقد کی جائے گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، بنی گالا سے پارلیمنٹ ہاؤس تک سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ خصوصی پاس والے افراد ہی پارلیمنٹ میں داخل ہوسکیں گے۔ ریڈزون میں کسی غیر متعلقہ فرد کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیکیورٹی کیلئے پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے۔

سندھ، کے پی کے اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس بھی آج طلب کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس 15 اگست کو ہو گا۔

بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، نومنتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے اسمبلی کا اجلاس صبح 11 بجے طلب۔ نومنتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے اسمبلی کا اجلاس سہ پہر 4 بجے ہوگا۔

اجلاس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی کے اطراف میں پولیس اور ایف سی کے اضافی اہلکار تعینات ہوں گے۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مجموعی طور پر 61 ارکان حلف اٹھائیں گے۔ بی اے پی کے مجموعی ارکان اسمبلی کی تعداد 24 ہے، ایم ایم اے اور بی این پی مینگل کے ارکان اسمبلی کی تعداد 10، 10 ہے، پی ٹی آئی کے نومنتخب ارکان اسمبلی کی تعداد 7 ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے ارکان اسمبلی کی تعداد 4 ہے جبکہ بی این پی عوامی کے ارکان اسمبلی کی تعداد 2 ہے۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نومنتخب ارکان سے حلف لیں گے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، سندھ اسمبلی کے اجلاس میں 164 نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سپیکر آغا سراج درانی کریں گے۔

جنرل نشستوں پر 127 امیدوار کامیاب ہوئے، سندھ اسمبلی میں 29 خواتین اور 9 اقلیت کی مخصوص نشستیں ہیں۔ تحریک انصاف 30، متحدہ قومی موومنٹ 20 اور جی ڈی اے کی 13 نشستیں ہیں۔ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی 98 نشستوں کے ساتھ سرفہرست۔ سندھ اسمبلی میں تحریک لبیک کی 3 اور متحدہ مجلس عمل کی ایک نشست ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس صبح 10 بجے طلب، صدارت رکن اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھا کریں گے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے کاغذات نامزدگی بھی آج جمع کرائے جائیں گے۔


ای پیپر