مقبوضہ کشمیر میں 8سالہ بچی سے زیادتی نے انڈیا میں طوفان مچا دیا

13 اپریل 2018 (18:50)

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں 8 سالہ معصوم آصفہ کیساتھ ہونیوالے لرزہ خیز واقعے کے حقائق سامنے آ نے پر مقبوضہ کشمیر کی عوام کیساتھ ساتھ بھارت کے سیاستدان اور فنکار بھی سراپا احتجاج ہیں،مودی حکومت سے مجرموں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


تفصیلات کے مطابق ریاست اترپردیش میں بی جے پی رہنما کی جانب سے اجتماعی زیادتی جیسے واقعات کیخلاف انسانی حقوق کے کارکن سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔جسٹس فار آصفہ کے نام سے ہیش ٹیگ بھارت میں ٹوئٹر پر مقبول ٹرینڈ بھی بن گیا،جس پر سماجی کارکن اور عام شہری ملک میں جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات اور مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز جرائم کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔جمعہ کو کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت خواتین کو وہ عزت نہیں دے پارہا جو دینی چاہیے،معصوم بچی کیساتھ ہونیوالے انسانیت سوز واقعے پر سیاست کرنے کے بجائے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔


دوسری جانب بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان،سنجے دت،پرینیتی چوپڑا،انوشکا شرما اور دیگر اداکاروں نے بھی ننھی آصفہ پر ڈھائے گئے ظلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔اس کے علاوہ فرحان اختر،سونم کپور،انوکشا شرما،جاوید اختر،شیرش کندر،ریتیش دیشمکھ سمیت دیگر بالی ووڈ کی مشہور شخصیات نے سوشل میڈیا پر عوام سے درخواست کی کہ وہ بھی آصفہ کیلئے انصاف کا مطالبہ کریں۔بالی وڈ اسٹارسنجے دت نے کہا کہ میری ہمدردیاں آصفہ کے خاندان کیساتھ ہیں اور میں یہ قبول کرنے کیلئے بالکل بھی تیار نہیں کہ واقعی ہم نے یہ سب ہونے کی اجازت دی لیکن اب انصاف ہونا چاہیے۔

مزیدخبریں