file photo

معدے میں انفیکشن ، کرس گیل متحدہ عرب امارات کے ہسپتال داخل
12 اکتوبر 2020 (11:58) 2020-10-12

دبئی: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز کرس گیل علیل ہوگئے اور ان کو معدے میں انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنی چلبلی حرکتوں کی وجہ سے عوام کے دلوں میں گھر کر جانیوالے ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل متحدہ عرب امارات کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں پر بھی وہ اپنی دلچسپ حرکتوں کی وجہ سے باز نہیں آئے۔

ویسٹ انڈین بلے باز اور انڈین پریمیئر لیگ میں کنگز الیون پنجاب کا حصہ کرس گیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ وہ کبھی بھی لڑے بغیر نہیں ہارتے۔

کرس گیل نے کہا کہ میں ’یونیورس باس‘ ہوں اور یہ چیز کبھی تبدیل نہیں ہوگی، آپ مجھ سے سیکھ سکتے ہیں مگر ضروری نہیں کہ آپ ہر وہ کام کریں جو میں کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ 326 چھکے لگانے کا اعزاز گیل کو ہی حاصل ہے، انھوں نے ہی اس ایونٹ میں سب سے زیادہ 4484 رنز 151 سے زائد کے سٹرائیک ریٹ سے 125 میچز میں سکور کیے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل نے موسیقی کی دنیا میں بھی انٹری دے دی۔ کرس گیل نے ایک برٹش بھارتی سنگر اوینا شاہ کے ساتھ ’گروو‘ کے نام سے ڈانس ٹریک ریلیز کیا ہے، وہ اس میں بطور ریپر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہے ہیں، یوٹیوب پر ان کے اس ٹریک نے ایک ملین ویوز کی حد عبور کردی ہے۔

کرس گیل نے کہا کہ میں شروع سے کھیل اور میوزک کا شوقین تھا ویسے بھی یہ جمیکن ثقافت کا لازمی جزو ہے، ہمارا ٹریک‘گروو‘ انٹرنیشنل ساؤنڈ ہے، اس میں جمیکا، بھارت اور برطانیہ کے میوزک کو یکجا کیا گیا ہے۔


ای پیپر