مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کی بلی تھیلے سے باہر : فردوس عاشق اعوان
12 اکتوبر 2019 (14:48) 2019-10-12

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لیے نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ محمد نواز شریف کی گفتگو کے بعد فضل الرحمان کے مارچ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ثابت ہوگیا کہ ان کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کیلئے نہیں چوروں کی آزادی کیلئے ہے۔ وہ مظلوموں اور بے کسوں کے لئے نہیں بلکہ کرپشن کنگز کے سیاسی و معاشی روزگار کو تحفظ دینے کے لیے باہر نکلے رہ ہیں۔

انہوں نے کہا نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں۔کبھی بال شہباز شریف کے پاس ہوتی ہے تو کبھی نواز شریف کے پاس۔تاہم دونوں گول کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ دونوں کے گول پوسٹ الگ الگ ہیں۔ ماڈل ٹاون میں ہونے والا اجلاس بھی اسی کھیل کا حصہ ہے۔


ای پیپر