نیب کے تمام افسران پر بڑی پابندی عائد
12 نومبر 2018 (20:45) 2018-11-12

اسلام آباد:قومی احتساب بیورو( نیب ) کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز ،ڈائریکٹرز اور دیگر افسران پر میڈیا ،پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا کو انٹرویو دینے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے اور کہاہے کہ اگر میڈیا کو کسی ریفرنس یا مقدمہ کے بارے میں معلومات درکارہوں گی تو نیب کے ترجمان قومی احتساب بیورو کا موقف دینے کے مجاز ہوں گے ۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ وہ تمام معزز اراکین کا احترام کرتے ہیں ، ڈی جی نیب لاہور کے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کا ریکارڈ پیمرا سے طلب کر لیا ہے جس کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے گا ۔ میڈیا جاری تحقیقات ، انویسٹی گیشن کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کرے ۔

چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کو پیر کو نیب لاہور میگا کرپشن کے مقدمات پرتفصیلی بریفنگ دی گئی جو کہ منگل کو بھی جاری رہے گا ، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کو نہ صرف انی اولین ترجیح قرار دیتا ہے بلکہ اس کے لئے بلا امتیاز قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کے خلاف نیب سنجیدہ کاوشیں کر رہا ہے تا کہ ان سے قوم کی لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے ۔


ای پیپر