غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرنےوالوں کو نہیں چھوڑا جائیگا : عمران خان
12 نومبر 2018 (16:46) 2018-11-12

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے مضافات میں غریبوں کی زمینیوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی،وفاقی دارالحکومت میں لینڈ مافیا بالکل برداشت نہیں کروں گا، بدقسمتی سے ملک میں طبقاتی قانون کا رواج ہے جہاں بااثر لوگوں کے جرائم سے چشم پوشی جبکہ غریب غربا کو سزا دی جاتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت اس روایت کوبدلنے کے لئے پرعزم ہے، غریبوں کی زمینوں پر ناجائز قبضے کرنے والوں اور لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن عوام اور میڈیا کو ساتھ لے کر آگے بڑھایا جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدرات وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ ایشوز کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے راجہ خرم نواز، سیکرٹری داخلہ میجر (ر)اعظم سلیمان، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پولیس و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو وفاقی دارالحکومت کی مجموعی صورتحال، امن و امان، قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن و دیگر امور پر تفصیلی بریفننگ دی اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ مملکت شہریار آفریدی، معاون خصوصی علی نواز اعوان اور ایم این اے راجہ خرم نواز کو اسلام آباد کیلئے خصوصی پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں سلام آباد میں لینڈ مافیا، ڈرگ ڈیلرز اور خصوصا تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف جاری مہم کو مزید منظم کرنے اور اسے موثر بنانے کے لئے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کوراڈینیشن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان اور ایم این اے راجہ خرم نواز کمیٹی کی رہنمائی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی کاکردگی کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لئے آئی جی اسلام آباد سے سفارشات طلب کی گئیں، اس مو قع پر وزیر اعظم نے کہا اسلام آباد اور اس کے مضافات میں غریبوں کی زمینیں ہتھیانے اور ان پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، وزیرِ اعظم نے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنانے اور اس میں بلا تفریق و امتیاز قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس، اسلام آباد انتظامیہ و دیگر اداروں کو ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا وفاقی دارالحکومت میں لینڈ مافیا بالکل برداشت نہیں کروں گا، بدقسمتی سے ملک میں طبقاتی قانون کا رواج ہے جہاں بااثر لوگوں کے جرائم سے چشم پوشی جبکہ غریب غربا کو سزا دی جاتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت اس روایت کوبدلنے کے لئے پرعزم ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا غریبوں کی زمینوں پر ناجائز قبضے کرنے والوں اور لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن عوام اور میڈیا کو ساتھ لے کر آگے بڑھایا جائے۔


ای پیپر