Pakistani players, ICC, Test rankings, PCB, Babar Azam
12 May 2021 (15:24) 2021-05-12

لندن: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں کو ترقی مل گئی ، زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی طرح دوسرے میچ میں عمدہ پرفارمنس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ پر مثبت نتائج سامنے آئے ۔

فاسٹ بولر حسن علی بیسویں سے 14ویں نمبر پر آگئے ، شاہین شاہ آفریدی کی رینکنگ میں 9 درجہ بہتری آئی ، وہ 31ویں سے 22ویں نمبر پر آگئے ، نعمان علی کی پوزیشن 54ویں سے 46ویں ہوگئی ۔ بیٹسمینوں میں اظہر علی چار درجہ بہتری کے ساتھ 16ویں نمبر پر آگئے ۔

عابد علی کی رینکنگ میں 38 درجہ بہتری آئی ، اب ان کا 40واں نمبر ہے ۔ البتہ بابر اعظم مزید تنزلی کا شکار ہوئے ، وہ نویں سے دسویں نمبر پر چلے گئے ۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخیں رقم کیں ۔ پاکستانی بولرز اور کپتان بابراعظم کو نئے اعزازات مل گئے ۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چھٹی بار جبکہ پاکستان کی طرف سے پہلی مرتبہ ایک ہی میچ کے دوران تین بولرز نے پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ پہلی اننگز میں حسن علی ، دوسری اننگز میں نعمان علی جبکہ تیسری میں یہ کارنامہ شاہین آفریدی نے انجام دیا ۔

اس کے علاوہ یہ پاکستان کی تاریخ کا چھٹا موقع ہے جب ایک ہی اننگز میں دو بولرز نے پانچ ، پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ نعمان علی اور شاہین آفریدی کے اننگز میں پانچ ، پانچ وکٹیں لینے سے ایک اور تاریخ رقم ہوئی ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 112 سال بعد کسی بھی ٹیسٹ میچ کی اننگز کی تمام وکٹیں لیفٹ آرم بولرز کے حصہ میں آئیں ۔ مزید یہ کہ بابراعظم بطور کپتان ابتدائی چار ٹیسٹ جیتنے والے پاکستان کے پہلے ، دنیا کے اٹھویں کپتان بن گئے ۔


ای پیپر