Shehbaz Sharif, Israeli attacks, Gaza, martyrdom, Imran Khan, Pakistan
12 May 2021 (13:54) 2021-05-12

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت ، فلسطینیوں کی شہادت پر اظہار رنج وغم ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری ، او آئی سی اور عرب لیگ اسرائیل کو ظلم و بربریت سے روکنے کے لئے فوری کردار ادا کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے اور اس قتل عام کو رکوایا جائے ۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے ، اسرائیلی ظلم نہ روکا گیا تو پورا خطہ اور دنیا تباہی وبربادی کے جہنم میں جاگرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ خواتین اور شہید بچے پوری انسانیت سے انصاف کا سوال کر رہے ہیں ۔

شہباز شریف نے کہا کہ یورپی یونین سمیت تمام مہذب دنیا کے بیان کافی نہیں ، بے گناہوں کو بچانے کے لئے عملی قدم اٹھانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائی نے مسلمانوں کی عیدالفطر کو غم میں بدل دیا ہے ۔

صدر ن لیگ نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا ۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا وہ فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر جلوس نکلانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ، تمام مسلم ممالک کو یکجا ہو کر ظلم کیخلاف آواز بلند کرنا ہوگی ۔


ای پیپر