Israeli army kills Palestinians, US calls for ceasefire
کیپشن:   فائل فوٹو
12 May 2021 (13:10) 2021-05-12

واشنگٹن: امریکا نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ سلسلہ بند کرنے کی اپیل کر دی ہے۔

امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ دونوں فریقین کو چاہیے کہ وہ صبر وتحل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹونی بلنکن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب کیساتھ اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گبی اشکنازی کیساتھ موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس بحران کو فوری ختم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے دونوں فریقین کو امن وسلامتی کیساتھ رہنے کی فریاد کی۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ اسرائیلی فوج نے عام نہتے فلسطینی شہریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں۔ ہوائی جہازوں کی بمباری میں اب تک بچوں سمیت 35 افراد شہید جبکہ 300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

تمام زخمی افراد کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان میں سے بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، اس وجہ سے ہوائی حملوں میں ہونے والی اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیل فضائیہ کی جانب سے ایک رہائشی عمارت کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جو مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میں ابھی تک لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔


ای پیپر