Prime Minister Imran Khan, Palestinian people, Turkey, Israel, UN, OIC
12 May 2021 (12:32) 2021-05-12

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی ، کہا وہ فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم اور غزہ میں فضائی حملوں کے خلاف اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے مشہور دانشور نوم چومسکی کی پوسٹ بھی شیئر کی جس میں نوم چومسکی نے کہا ، تم ہمارے پانیوں پر قبضہ کرسکتے ہو ، زیتون کے باغ جلاسکتے ہو ، ہمارے گھر جلاتے ہو ، بے روزگار کرتے ہو ، ہماری زمینوں کو ہتھیا لیتے ہو ، میرے والدین کو قتل کرتے ہو ، ہمارے ملک پر بمباری کرتے ہو ، ناکہ بندی کرکے ہمیں قحط کا شکار کرتے ہو ، ہماری تذلیل کرتے ہو ، لیکن ایک راکٹ مارنے پر ہمیں ہی مورد الزام ٹھہراتے ہو ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر جلوس نکلانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ، تمام مسلم ممالک کو یکجا ہو کر ظلم کیخلاف آواز بلند کرنا ہوگی ۔

دوسری جانب ترک پارلیمنٹ نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور فلسطینی شہروں میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد منظور کرلی ۔ عرب لیگ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔

ترک وزیرخارجہ نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کرکے صورتحال پر بات کی ہے ۔ ترکی میں ہزاروں افراد نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا اور غزہ پر بمباری کی شدید مذمت کی ۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے باعث 10 بچوں سمیت 35 فلسطینی شہید ، 700 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ میزائل حملے میں کثیر المنزلہ عمارت بھی گر گئی جس کے بعد اموات بڑھنے کا خدشہ ہے ۔


ای پیپر