Vaccination, journalists, Eid ul Fitr, Firdous Ashiq Awan, CM Punjab, Usman Buzdar
12 May 2021 (12:16) 2021-05-12

لاہور: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فرنٹ لائن میڈیا ورکرز کو ترجیحی بنیاد پر کورونا ویکسین لگانے کی منظوری دے دی ہے ۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عید تعطیلات کے بعد پنجاب کے صحافیوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کل ویکسینیشن سنٹرز کی تعداد 146 ہے ۔ ویکسینیشن سنٹرز کی تعداد 146 سے بڑھا کر 296 کی جارہی ہے ۔

معاون خصوصی اطلاعات نے بتایا کہ اب تک 18 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسینیٹ کیا جاچکا ہے ۔ ویکسینیشن سنٹرز کی تعداد بڑھانے کا مقصد کم وقت میں زیادہ سے زیادہ شہریوں تک ویکسین پہنچانا ہے ۔ انشاءاللہ بہت جلد لگ بھگ 30 لاکھ مزید ویکسینز پنجاب کو دستیاب ہوں گی ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 104 افراد جان سے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار 210 ہو گئی ۔ 24 گھنٹے میں 2 ہزار 869 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 38 ہزار 616 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.42 فیصد رہی ، ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 67 ہزار 426 ہوگئی ۔


ای پیپر