وائٹ ہائوس نے کرونا سے متعلق بڑا حکم جاری کر دیا
12 May 2020 (16:21) 2020-05-12

واشنگٹن: وائٹ ہائوس میں کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد اسٹاف کو ماسک پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر اور صدر ٹرمپ کے فوجی خدمت گار میں کورونا کی تصدیق کے بعد تمام اسٹاف کو عمارت میں داخل ہوتے ہی ماسک پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔

وائٹ ہائوس آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام اسٹاف سوائے اپنی ڈیسک پر موجود ہونے کے ہر وقت اپنے چہرے کو لازمی طور پر ماسک سے ڈھانپیں اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ سماجی فاصلہ بھی رکھیں۔اس حوالے سے امریکی صدر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پالیسی کو لازم قرار دیا۔

پیر کے روز وائٹ ہاس میں بغیر ماسک لگائے بریفنگ دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں اس طرح کی ہدایات پر عمل کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ سب سے دور رہے اور وائٹ ہائوس میں انفیکشن کو کم کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وائٹ ہائوس میں روزانہ لوگوں کا ہجوم ہوتا ہے اور میرے خیال میں ہم وائرس کو روکنے کے لیے اچھا کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ وائٹ ہائوس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے تین ممبران وائرس کے شبے میں آئسولیشن میں ہیں جن میں معروف سائنسدان ڈاکٹر انتھونی فائوچی بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ امریکی صدر کے اہم مشیر اسٹیفن ملر کی اہلیہ اور نائب امریکی صدر کی پریس سیکرٹری کیٹی ملر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔


ای پیپر