Photo Credit Yahoo

کراچی سینٹرل جیل کے انتظامات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں، چیف جسٹس
12 مئی 2018 (17:14) 2018-05-12

کراچی : چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سینٹرل جیل کے دورے کے دوران قیدیوں کے لئے بننے والا کھانا خود کھا کر اس کا جائزہ لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے دیگر جج صاحبان اور اعلی سرکاری افسران کے ہمراہ کراچی سینٹرل جیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس قیدیوں کے مختلف بیرکس میں گئے اور قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

چیف جسٹس نے قیدیوں کے لیے بنایا گیا کھانا کھا کر اس کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران قیدیوں نے چیف جسٹس کے سامنے شکایتوں کے انبار لگادیئے، کئی قیدیوں نے شکایت کی کہ سزائیں پوری ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جارہا۔

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ کی سزا مکمل ہو چکی تو رہائی مل جائے گی، جسٹس ثاقب نثار نے جیل حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ کراچی سینٹرل جیل کے انتظامات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں، جن قیدیوں کو ریلیف مل سکتا ہے ان کی درخواستوں پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔


ای پیپر