ڈیم صرف فنڈز سے نہیں جذ بے سے بنتے ہیں: فیصل جاوید
12 مارچ 2019 (13:19) 2019-03-12

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ڈیم فنڈ میں 10 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں ، ڈیم صرف فنڈز سے نہیں جذ بے سے بنتے ہیں، پاکستان دنیا میں خیرات کرنے والی اقوام میں سر فہرست ہے،جب پشاورمیٹرومکمل ہوگی توسب اس کی تعریف کریں گے، پی ٹی آئی کوتمام ووٹ عمران خان کے نام پر پڑے ہیں، ہمیں الیکٹیبلزکی نہیں انہیں ہماری ضرورت تھی، فوادچوہدری،نعیم الحق معاملہ عوام میں نہیں جاناچاہئے تھا۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ڈیم فنڈ میں عطیات 10 ارب تک پہنچ گئے ہیں ، ڈیم فنڈمیں حصہ ڈالنے پرقوم زبردست تحسین کی مستحق ہے، سپریم کورٹ اوروزیراعظم خصوصی شاباش کے مستحق ہیں، پاکستان دنیامیں خیرات کرنیوالی اقوام میں سرفہرست ہے، اپنے لوگوں کے عزم کوخصوصی سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے قومی جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔انھوں نے کہا ڈیم کیلئے1200 سے1300 ارب روپے چاہئیں، ڈیم صرف فنڈزسے نہیں جذ بے سے بنتے ہیں، ڈیم فنڈ کیلئے کمرشل فنانسنگ کی طرف بھی جارہے ہیں، ڈیم کی رقم 5 سے 9 سال میں پوری ہوجائیگی۔

فیصل جاوید نے کہا جب پشاورمیٹرومکمل ہوگی توسب اس کی تعریف کریں گے، پی ٹی آئی کوتمام ووٹ عمران خان کے نام پر پڑے ہیں، ہمیں الیکٹیبلزکی نہیں انہیں ہماری ضرورت تھی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا عمران خان نہ خودکرپٹ ہیں نہ کسی کو کرپشن کرنے دیں گے، پی ٹی آئی میں آنے والے ہمارے نظریے پرآئے ہیں، عمران خان دنیا میں اپنی نہیں پاکستان کی بات کرتے ہیں، جہانگیر ترین کابینہ کے کسی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

سینیٹرفیصل جاوید نے کہا ہے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا ایک ہی نظریہ ہے، دونوں ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں، شہبازشریف کے ہر منصوبے میں کرپشن ہوئی، ان کا کوئی بھی منصوبہ اٹھالیں اس میں کرپشن ہوئی۔فواد چوہدری اور نعیم الحق کے اختلافات کے حوالے سے انھوں نے کہا فوادچوہدری،نعیم الحق معاملہ عوام میں نہیں جاناچاہئے تھا، دونوں کے درمیان معاملات سلجھ گئے ہیں۔


ای پیپر