پشاور میں روٹی کی قیمت 15 روپے ہو گئی
12 جولائی 2019 (18:18) 2019-07-12

پشاور : نان بائیوں کے شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد انتظامیہ نے روٹی کی قیمت 10 روپے سے بڑھا کر 15 روپے کردی۔

تفصیلات کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کے بعد قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ سامنے آیا۔نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد اقبال نے بتایا کہ ہڑتال کو روٹی کی قیمتوں پر ایسوسی ایشن کے ضلعی انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کردیا گیا۔ مذاکرات میں روٹی کے وزن اور قیمت دونوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 150 گرام کی روٹی کے وزن میں اضافہ کرکے اسے 190 گرام کردیا گیا ہے جس کی قیمت 15 روپے ہوگی۔

قبل ازیں نان بائیوں نے آٹے، ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی تھی،نان بائی ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے اراکین نے ہڑتال کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں نان بائیوں کی نگرانی کی تھی۔مقامی افراد کو ہڑتال کی وجہ سے پریشانی کا سامنا رہا، زیادہ تر دکانیں بند ہونے کے باوث چند روٹی فروشوں نے عوام سے 20 سے 30 روپے فی روٹی پیسے وصول کیے تھے۔


ای پیپر