نواز شریف کو فی الفور رہا کیا جائے : شہباز شریف
12 جولائی 2019 (17:22) 2019-07-12

اسلام آباد : قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ(ن)کے صدر میاں شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے نواز شریف کو فی الفور رہا کیا جائے ۔

اعلی عدلیہ کی جانب سے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ویڈیو اسکینڈل کے بعد ہٹانے کے فیصلے پر میاں شہباز شریف نے ایک بیان میں اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویڈیو اور اس سے جڑے تمام حقائق سچ ثابت ہو گئے ہیں، سچائی ثابت ہونے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج کو ہٹانے کے بعد نواز شریف کے خلاف فیصلہ کالعدم ہو چکا ہے اور نواز شریف کو فی الفور رہا کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو جیل میں ایک منٹ بھی قید رکھنا اب غیر قانونی ہے، جج کو ہٹانے کے بعد انہیں جیل میں رکھنے کا جواز ختم ہو گیا ہے۔سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف دباو کے تحت دیے گئے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں۔


ای پیپر