فائل فوٹو

یوکرین کا بد قسمت طیارہ ایرانی میزائل کا نشانہ بن کر ہی تباہ ہوا
12 جنوری 2020 (09:51) 2020-01-12

تہران: یوکرین کا بد قسمت طیارہ ایرانی میزائل کا نشانہ بن کر ہی تباہ ہوا، ایران نے اعتراف کرلیا۔ ایرانی حکام نے حادثے کو انسانی غلطی قرار دیا۔

ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی طیارے کی ساخت دشمن کے جنگی طیارے جیسی تھی، طیارہ پاسداران انقلاب کی ملٹری سینٹر کے قریب سے گزر رہا تھا۔ مخالف ہدف سمجھ کر غلطی سے نشانہ بنایا گیا اور واضح کیا دوبارہ ایسی غلطی کو ناممکن بنایا جائے گا۔

ادھر یوکرائن نے طیارہ حادثے پر ایران سے سرکاری سطح پر معافی اور معاوضے کا مطالبہ کر دیا، یوکرینی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات مکمل کرنی چاہئیں جبکہ یوکرینی صدر نے طیارہ حادثہ میں ملوث افراد کو فوری سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈر نے طیارے کے حادثے کو قومی المیہ قرار دے دیا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی نے ٹوئٹ میں واقعے پر افسوس کا اظہار کیا، ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ تفتیش سے معلوم ہوا طیارہ انسانی غلطی سے تباہ ہوا اس ناقابل معافی غلطی کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکی مہم جوئی کے نتیجے میں پیدا صورتحال پر تباہی ہوئی، واقعے پر افسوس ہے اور متاثرہ خاندانوں سے معذرت چاہتے ہیں۔


ای پیپر