وزیر اعظم کی بہن نے جرمانہ دیا اور جمہوریت خطرے میں نہ پڑی : اسد عمر
12 جنوری 2019 (16:04) 2019-01-12

کراچی : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ نیا پاکستان یہی ہے جہاں پر وزیر اعظم عمران خان کی بہن کو عدالت میں جرمانہ دینا پڑتا ہے اوریہ نہیں کہا جاتا کہ جمہوریت خطرے میں یا یہ فوج کی سازش ہے۔ علیمہ خان نے جو جرمانہ دیا وہ ان پر بنتا ہی نہیں تھا لیکن انہوں نے وہ رقم ادا کی۔ 

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے بار بار الزام لگایا جاتا ہے کہ پاکستانی فوج نہیں چاہتی کہ یہاں بھارت کیساتھ معاملات ٹھیک ہوں جبکہ ایسا بالکل غلط ہے پاکستانی فوجی انڈیا کے ساتھ مذاکرات اور امن کی حامی ہے لیکن انڈیا ہی بنیادی مسئلہ پر بات چیت کرنے سے گریزاں رہتا ہے۔ جب بھی ان سے تجارت یا کسی پر موضوع پر بات کرنے کی کوشش کرو تو وہ حامی بھر لیتے ہیں لیکن جب بنیادی مسئلہ کشمیر کی بات کی جائے تو وہ مذاکرات سے بھاگ جاتے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ حکومت اگر صرف ٹیکس ادا کرنے والوں کو ہی دباتی رہی تو اس سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کبھی نہیں ہو گا۔ انہوں نے ایف بی آر کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر اس ادارے کو ختم کر دیا جائے تو اس سے زیادہ ٹیکس جمع ہو سکتا ہے۔


ای پیپر