جواب عرض ہے!
12 جنوری 2019 2019-01-12

٭ہمیں حکومت میں آتے ہی مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ (وزیراعظم عمران خان)

Oجِس کے بعد ہمیں پتہ چلا ہم اِن مسائل کو حل کرنے کے قابل ہی نہیں ہیں!

٭ہماری افواج انسداد دہشت گردی میں بہت تجربہ کار ہے ، (صدر عارف علوی)

Oجبکہ دنیا ایسے ہی اِسے انسداد جمہوریت میں بہت تجربہ کار سمجھتی ہے !

٭حکومت نے سودِنوں میں معیشت کا بُرا حال کردیا ہے ۔ (سابق وزیراعظم نواز شریف)

Oجبکہ ہم یہ کام صِرف ایک دِن میں کردیا کرتے تھے !

٭میں نے لندن میں جائیدادیں قانون کے مطابق بنائیں۔ (وفاقی وزیر فیصل واوڈا)

Oبلکہ میں نے تو قانون بھی خود ہی بنایا تھا !

٭شیخ رشید احمد کو کابینہ کے اجلاس میں بھوک لگ گئی ۔ (ایک خبر)

Oجِس کے بعد اُن کی خِدمت میں تھوک سے تلے پکوڑے پیش کئے گئے !

٭کچھ طاقتیں نواز شریف کو رہا نہیں ہونے دے رہیں۔ (سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی)

Oاور یہ وہی طاقتیں ہیں جو مجھے گرفتار نہیں ہونے دے رہیں!

٭تحریک انصاف کی حکومت کمزور کے ساتھ کھڑی ہے ۔ (وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار)

Oجی! ہمیں پتہ ہے آپ کے ساتھ کھڑی ہے !

٭ فواد چودھری میڈیا کی زبان بند کرنا چاہتے ہیں ۔ (سابق وزیراطلاعات مریم اورنگ زیب)

Oحالانکہ میڈیا کی کوئی زبان ہی نہیں ہے !

٭دولت لُوٹنے والوں کو سزا مِلے گی۔ (نعیم الحق معاون خصوصی وزیراعظم)

Oجبکہ عزت لُوٹنے والوں کو عہدے مِلیں گے !

٭ہماری حکومت میں کوئی چور ہوا اُسے خود نیب کے حوالے کردیں گے۔ (وزیر مملکت حماد اظہر)

Oاور کوئی ڈاکو ہوا اُسے خود کابینہ میں شامل کرلیں گے !

٭زرداری اور شریف برادران کی شکلوں پر ڈکیٹ لِکھا ہے ۔ (وفاقی وزیر شیخ رشید احمد)

Oجبکہ میری شکل پر فی الحال صِرف لوٹا لِکھا ہے !

٭حکومت سے معیشت نہیں سنبھالی جارہی۔ (مولانا فضل الرحمان)

Oجبکہ مجھ سے ”فرصت“ نہیں سنبھالی جارہی۔!

٭نوازشریف کو ملک کو ایٹمی قوت بنانے کی سزادی جارہی ہے ۔ (رانا ثناءاللہ )

Oجبکہ مجھے ابھی تک سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی سزا نہیں دی جارہی !

٭صحیح احتساب ہو تو آدھی پیپلزپارٹی جیل میں ہوگی۔ (وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری)

Oاور صحیح احتساب نہ ہو تو آدھی پی ٹی آئی کابینہ میں ہوگی!

٭حکومت اور اپوزیشن کو بیس بیس قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی مِلے گی۔ (ایک خبر)

Oیہ ہوئی ناں بندر بانٹ!

٭موجودہ حکومت نے پانچ لاکھ افراد کو بے روزگار کردیا ہے ۔ ( رہنما نون لیگ احسن اقبال)

Oاُن پانچ لاکھ میں ایک میں بھی ہوں!

٭ہم ظلم برداشت کرتے رہیں گے۔ (بلاول بھٹو زرداری)

Oکیونکہ اِس کی ہمیں بچپن سے عادت ہے !

٭شریف برادران اور زرداری معصوم ہیں تو بدمعاش کون ہے ؟ (وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان)

Oذرا آئینے کے سامنے کھڑے ہوکر دیکھیں!

٭عوام کی اُمیدوں سے بڑھ کر خِدمت کروں گا۔ (وزیراعلیٰ عثمان بزدار)

Oحالانکہ عوام کو مجھ سے کوئی اُمید ہی نہیں ہے !

٭نوشہرہ میں پولیس اور خواجہ سراﺅں میں ہاتھا پائی ہوگئی۔ (ایک خبر)

Oجِس پر فوج نے دونوں میں صُلح کروادی !

٭عمران خان کوپہلے اقتدار میں آنے کی جلدی تھی اب بھاگنے کی جلدی ہے ۔(حافظ حسین احمد)

Oاورمیری یہ خواہش ہے اِس بار وہ میرے ساتھ بھاگیں!

٭شہباز شریف کی کمر درد میں اضافہ ہوگیا۔ (ایک خبر)

Oحالانکہ اِن دِنوں وہ جیل میں ہیں !

٭عمران خان کی مُرغیاں اور انڈے اب کہاں گئے؟(حمزہ شہباز شریف)

Oجہاں آپ کی ” پیلی ٹیکسیاں“ اور ”سستی روٹیاں“ گئیں!

٭شہباز شریف اب اُن سے گلے مِل رہے ہیں جنہیں گھسیٹنے کی باتیں کرتے تھے۔ (وزیر مملکت زرتاج گل)

Oکاش اُنہوں نے ہمیں بھی گھسیٹنے کی بات کی ہوتی!

٭وزراءکو چاہیے اپنے محکموں پر توجہ دیں۔ (رہنما نون لیگ مشاہد اللہ )

Oمحکموں نے کیا قصور کیا ہے جی؟؟؟

٭شراب کا کاروبار بند ہونا چاہیے۔ (مولانا طاہر اشرفی)

Oجبکہ مذہب کا کاروبار چلتے رہنا چاہیے!

٭زرداری کی باقی زندگی جیل میں گزرے گی۔ (وفاقی وزیر شیریں مزاری)

Oچلیں اب آپ کہیں جیل میں جانے کی کوشش نہ شروع کردیجئے گا !

٭چوہدری برادران کے خلاف نیب میں پلاٹوں کا کیس ختم۔ (ایک خبر)

Oشریف برادران کو اب ق لیگ میں شمولیت اختیار کرلینی چاہیے !

٭نیب لوگوں کی پگڑیاں اُچھالنا بند کردے۔ (مولوی فضل الرحمان)

Oورنہ میں پگڑی پہننا بند کردُوں گا !

٭فواد چوہدری اپنا منہ بند رکھے ۔(سابق صدر زرداری)

Oکیونکہ اُس کے منہ سے بھی میرے منہ جیسی بُو آتی ہے !

٭مجھے لگتا ہے نواز شریف رہا ہوکر باہر چلے جائیں گے۔ (سابق وزیر داخلہ رحمان ملک)

Oجبکہ ہم ہوسکتا ہے گرفتار ہوکر اندر چلے جائیں!

٭تحریک ِ انصاف سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ (سابق صدر مشرف)

Oحالانکہ جِس طرح کی میری طبیعت ہے میرا اُس سے تعلق ہونا چاہیے تھا !

٭نواز شریف اپنی بیرک کی صفائی خود کریں گے۔ (آئی جی جیل خانہ جات)

Oپِھر تو اُن کا بیرک گندا ہی رہے گا !

٭ڈیم نہ بنا تو میں بھی احتجاج کروں گا۔ (چیف جسٹس میاں ثاقب نثار)

Oکیونکہ ریٹائرمنٹ کے بعد صِرف احتجاج ہی کیا جاسکتا ہے !

٭ عظمیٰ بخاری کی صورت میں ن لیگ کی نئی قیادت بن رہی ہے ۔ (معاون خصوصی وزیراعظم افتخار درانی)

Oاور میں یہ چاہتا ہوں میری صورت میں پی ٹی آئی کی بھی نئی قیادت بنے!

٭ترقی کے لیے ایماندار قیادت ضروری ہے ۔ (چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار)

Oجبکہ ہم یہ سمجھتے رہے ”عمران دار“ قیادت ضروری ہے !

٭میں اللہ کا پسندیدہ انسان ہوں۔ (شیخ رشید احمد وفاقی وزیر ریلوے)

Oاللہ کا یا آرمی کا ؟؟؟

٭جِس کی کرپشن کی دُم پر پاﺅں رکھو وہی شور مچاتا ہے ۔ (فیاض چوہان وزیر اطلاعات پنجاب)

Oاور سب سے زیادہ شور خیر سے میں خود مچاتا ہوں!

٭ سرکاری میڈیا سمیت تمام ادارے اندر سے کھوکھلے ہیں۔ (وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری)

Oاور ہم خیر سے باہر سے بھی کھوکھلے ہیں!


ای پیپر