شاداب خان پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن کھیلیں گے یا نہیں؟ خود ہی اعلان کر دیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
12 فروری 2021 (20:27) 2021-02-12

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل رائونڈر شاداب خان کو بھی کرکٹ میدانوں میں شائقین کی کمی محسوس ہونے لگی ہے جن کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) دنیا میں نامور برانڈ بن چکا ہے البتہ شائقین کے بغیر کھیلنے کا مزہ نہیں آتا۔ 

تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ کل قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار پرفارمنس دی جبکہ محمد رضوان کی کارکردگی لاجواب رہی۔ان کا کہنا تھا کہ میں انجری سے چھٹکارہ پاچکا ہوں، انشااللہ پی ایس ایل میں بھرپور ایکشن میں نظر آئوں گا، پی ایس ایل اب کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑا برانڈ بن چکا ہے، شائقین نے ہمیشہ سپورٹ کیا، ان کے بغیر مزہ نہیں آتا۔ 

دورہ نیوزی لینٖڈ میں بابر اعظم کی عدم موجودگی میں ٹی 20 ٹیم کی کمان سنبھالنے کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ اپنے اوپر آنے والی ذمہ داری سے لطف اندوز ہو کر اسے سرانجام دینے کی کوشش کرتا ہوں، ٹی 20 کا خاصہ ہے کہ جس ٹیم کی بائولنگ لائن اچھی ہو وہ ٹیم خطرناک ہوتی ہے۔

دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے کرکٹ پر اثرات سے متعلق شاداب خان کا کہنا تھا کہ بائیو سیکیور ببل کے باعث پریکٹس متاثر ہوتی ہے، میرے خیال سے اب تک میرے 70 سے 80 کورونا ٹیسٹ ہو چکے ہوں گے، آل راؤنڈر نے ازراہ مذاق ٹیسٹ میچز کو کورونا ٹیسٹ سے زیادہ بہتر قرار دیا۔


ای پیپر