پی ایس ایل 2021 کیلئے میچ آفیشلز کا تقرر کر دیا گیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
12 فروری 2021 (19:59) 2021-02-12

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کیلئے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا ہے جن میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل علیم ڈار، رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف سمیت سات امپائرزشامل ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے پی سی بی نے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل علیم ڈار، رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف سمیت پی سی بی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل سات ارکان کو لیگ میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے مقرر کیا ہے۔ 

مقامی امپائرز میں آصف یعقوب (پی سی بی امپائر آف دی ائیر 2020)، احسن رضا، فیصل خان آفریدی، عمران جاوید، راشد ریاض، شوزب رضا اور ضمیر حیدر شامل ہیں۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل آف ریفریز کے سابق رکن روشن ماہنامہ اور پی سی بی ایلیٹ پینل آف ریفریز میں شامل علی نقوی، افتخار احمد، محمد انیس اور محمد جاوید ملک ٹورنامنٹ کے 34 میچوں میں پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں علیم ڈار اور احسن رضا فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، راشد ریاض کو تھرڈ امپائر اور آصف یعقوب کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے جبکہ روشن ماہنامہ اس روز میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فرور ی کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جہاں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔


ای پیپر