Pakistan to visit South Africa in April for ODIs, T20Is
12 فروری 2021 (18:24) 2021-02-12

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔دورے میں 3ایک روزہ اور 4 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی، جہاں 2، 4 اور 7 اپریل کو تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔سیریز کا پہلا اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ پریٹوریا جبکہ دوسرا ون ڈے میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا،ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں مدمقابل آئیں گی۔

 ابتدائی طور پر یہ سیریز تین  ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل تھی تاہم کرکٹ جنوبی افریقہ کی درخواست پر اس سیریز میں ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔پہلے 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 10 اور 12 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ اگلے دونوں میچز پریٹوریا میں کھیلے جائیں گے۔یہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل  پاکستان کی دوسری سیریز ہے۔پاکستان نے سپرلیگ میں شامل اپنی پہلی سیریز نومبر 2020 میں زمبابوے کے خلاف کھیلی تھی، جہاں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ فی الحال قومی ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

اس کے برعکس جنوبی افریقہ کی یہ سپر لیگ میں پہلی سیریز ہے۔ 13 ٹیموں پر مشتمل اس لیگ میں ہر ملک کو 2 سالہ مدت میں 8 سیریز ( 4 ہوم اور 4 اویسیریز)کھیلنی ہیں۔ ابتدائی طور پر پاکستان کو اکتوبر 2020 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا تھاتاہم کوویڈ 19 کی عالمی وباء   کے باعث اسے ملتوی کرکے اب اپریل 2021 میں شیڈول کیا گیا ہے۔

دورہ جنوبی افریقہ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہوگی، جہاں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز 17 اپریل سے شروع ہوگی۔


ای پیپر