قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی اراکین گتھم گتھا
12 فروری 2020 (20:54) 2020-02-12

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر عمر ایوب کی جانب سے سابق صدرآصف علی زرداری کو مسٹر 10" پرسنٹ" کہنے پر پیپلز پارٹی کے ارکان طیش میں آگئے اور شدیدہنگامہ آرائی کی۔ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے اراکین گتھم گتھا ہو گئے۔

                                                                                                                        

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے اپنی تقریر کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری کو مسٹر ٹین پرسنٹ کہا تو پیپلز پارٹی ارکان نے عمر ایوب کی نشست کا گھیراؤ کر لیا اورسابق صدر ایوب خان کے خلاف نعرے لگائے، پیپلز پارٹی ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑدیں، سید نوید قمر اور آغا رفیع اللہ وفاقی وزیر کی طرف لپکے تو فواد چوہدری اور حماد اظہر نے انہیں روک لیا،آغا رفیع اللہ پی ٹی آئی کے ملک انور تاج سے گتھم گتھا ہو گئے۔

بلاول بھٹوزرادری نے کہا کہ یہ پہلے مشرف کی چمچا گری کرتا رہا پھر نواز شریف کی اور آج نیازی کی خوشامد کر رہا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ میں نے تو کسی کا نام نہیں لیا جس پر پیپلز پارٹی اراکین نے ایوب ڈکٹیٹر مردہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔ڈپٹی سپیکر نے عمر ایوب کا مائیک بند کر دیا اور انہیں واقعہ پورا نہ کرنے دیا۔ ڈپٹی سپیکر مسلسل ارکان کو گتھم گتھا نہ ہونے کی ہدایت کرتے رہے مگر کسی نے انکی بات نہ سنی جس پر ڈپٹی اسپیکر کو اجلاس کی کارروائی 10 منٹ کیلئے معطل کرنا پڑی۔


ای پیپر