فوٹو بشکریہ فیس بک

محکمہ موسمیات نے جمعہ تک اکثر مقامات پر بارشوں کا امکان ظاہر کردیا
12 فروری 2019 (09:42) 2019-02-12

کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل، سبی، مستونگ اور نوشکی سمیت گردونواح میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری۔

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، راولپنڈی، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ تک بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کے ساتھ بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہو گی۔

ملک میں سردی کی لہر برقرار، کہیں بارش تو کہیں برف باری کا سلسلہ جاری، برفباری سے وادی نیلم، گریس اور لیپہ کا زمینی رابطہ دو ماہ سے منقطع ہے۔ جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اشیا خورونوش کی قلت نے بھی مسائل بڑھا دیئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت میں استور اور کالام میں منفی 09، سکردو منفی 08، گوپس منفی 06، مالم جبہ، ہنزہ منفی 04، دیر منفی 03، راولا کوٹ منفی 02 اور مری منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6، لاہور 8، پشاور 8 اور کراچی میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


ای پیپر