Thieves, robbers, PDM, PML-N, PPP, Ghulam Sarwar Khan
12 دسمبر 2020 (16:00) 2020-12-12

راولپنڈی: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چوروں، ڈاکوؤں اور بدقماشوں سے نہیں ڈرتے، ٹانگیں ان کی کانپتی ہیں جن کے دامن داغدار ہوتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے، ہم جلسے جلوسوں سے خائف نہیں ہیں، وزیراعظم نے کہا ہے جلسے 2، 3 ماہ کیلئے مؤخر کر دیئے جائیں۔ وزیراعظم نے عوام کے بہترین مفاد میں یہ بات کہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطرہ سرحدوں پر منڈلا رہا ہے، ڈوزیئر عالمی برادرے کے حوالے بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا مسئلہ ہے اس پر اپوزیشن آئے ہمارے ساتھ بیٹھے کچھ معاملات ہیں جن پر اتفاق ہونا چاہئے۔

وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ این سی او سی میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہوتی ہے، این سی او سی کے فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جاتے ہیں، پی ڈی ایم کو قومی معاملات پر توجہ دینی چاہئے۔ ملک میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، اپوزیشن کو اس معاملے پر بات کرنی چاہئے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن استعفے دینا چاہتی ہے تو شوق سے دے، ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، پیپلز پارٹی کسی صورت استعفے نہیں دے گی، مسلم لیگ (ن) میں بھی ایک دھڑا موجود ہے جو استعفے نہیں دینا چاہتا۔ اپوزیشن جماعتوں کے کچھ لوگ حکومت سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف دکھاوا ہے کہ استعفے اتنے زیادہ آ رہے ہیں کہ سنبھالے نہیں جا رہے، اگر اپوزیشن استعفے دینا چاہتی ہے تو دے ، وزیراعظم نے کہا الیکشن کرا دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بات چیت کی پیشکش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اپوزیشن بیٹھنا چاہے تو قومی معاملات پر بات چیت کو تیار ہیں، جو اپوزیشن رہنما این آر او لینا چاہتے ہیں ان کے نام سب کو معلوم ہیں، یہ این آر او کے مزے لوٹنے والے لوگ ہیں، یہ پہلے بھی این آر او کے مزے لوٹ چکے اب بھی لوٹنا چاہتے ہیں۔

غلام سرور خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ایک دوسرے کیخلاف کیسز بنائے ہیں، تحریک انصاف نے ان کیخلاف کوئی کیسز نہیں بنائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شیخ رشید کو وزیر داخلہ بننے پر انہیں اور راولپنڈی والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، وزیراعظم کا شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنانا دانشمندانہ فیصلہ ہے۔


ای پیپر