Pandemic patients, casualties, United States, WHO, Pfizer Covid vaccine
12 دسمبر 2020 (08:42) 2020-12-12

نیویارک: امریکا میں عالمی وبا سے اموات کا سب سے بڑا ریکارڈ ، ایک روز میں عالمی وبا کے 3 ہزار کے قریب مریض موت کے منہ میں چلے گئے۔ اس کے علاوہ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں بھی حیران کن اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں فائزر ویکسین کے استعمال کی منظوری کے لیے مشاورت کی گئی۔

خیال رہے کہ امریکا میں طبی ماہرین کی موجودگی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد حکومت کی جانب سے فائزر ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔

امریکا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں ہیں اب تک 3 لاکھ سے زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ برازیل میں یہ تعداد ایک لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا میں لاکھوں کی تعداد میں عالمی وبا کے کیسز اور ہزاروں ہلاکتوں کے نتیجے میں سکولز بند کر دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی وبا اب تک 7 کروڑ 14 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کر چکی ہے، جبکہ وبا کے ہاتھوں جان گنوانے والوں کی تعداد 16 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

ادھر جرمنی میں بھی عالمی وبا سے بدھ کو ریکارڈ 590 اموات ہوئیں۔

ادھر برطانیہ اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی اپنی تیار کردہ ویکسین کو یکجا کرکے نئی طاقتور ویکسین تیار کریں گے۔

46 ممالک کے ڈیٹا پر مبنی ایک تحقیق کے مطابق عالمی وبا سے مردوں میں سنگین شدت کا امکان خواتین سے 3 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں عالمی وبا سے مزید 71 افراد دم توڑ گئے ، اموات کی تعداد 8 ہزار ، 724 ہو گئی جبکہ 2 ہزار 729 نئے کیسز رپورٹ ہوگئے ہیں۔

متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 تک جا پہنچی جبکہ 3 لاکھ ، 81 ہزار 208 مریض وبا کو شکست دیکر صحت یاب ہوگئے ہیں۔


ای پیپر